نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے نور خان ائیربیس پر حملہ کر کے ایک بڑی اور ناقابلِ تلافی غلطی کی۔ چار روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی دعوؤں کو پاش پاش کر دیا اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 22 اپریل کے بعد دفتر خارجہ مسلسل متحرک رہا۔ بھارت نے نور خان ائیربیس پر حملہ کیا اور ایف 16 طیارہ گرانے کا جھوٹا دعویٰ بھی کیا، تاہم پاکستان نے دنیا کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ وہ کسی صورت پہل نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو نشانہ بنایا، جیسے اس سے قبل پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقدامات کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 36 گھنٹوں میں 80 جنگی طیارے بھیجے جن میں سے 79 کو پاکستان نے مؤثر انداز میں نیوٹرلائز کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق طیارے گرائے جانے کے بعد بھارت مسلسل غلط بیانی کرتا رہا، جبکہ پاکستان نے کسی بھی ملک سے یہ درخواست نہیں کی کہ وہ ہماری طرف سے بھارت سے صلح صفائی کروائے۔ چار روزہ جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ جب پی ڈی ایم نے اقتدار سنبھالا تو پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا، تاہم اب صورتحال یکسر بدل چکی ہے۔ چھ مئی سے پہلے اور بعد میں ساٹھ سے زائد عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کو فون کالز موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے میزائل داغنا ایک سنگین غلطی تھی، جبکہ ایک ڈرون سے فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا، اس کے برعکس بھارت کے 79 ڈرونز کو ناکارہ بنایا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 2025 میں پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے۔ پاکستان کی ایک ارب ڈالر کی واجبات سرمایہ کاری میں تبدیل ہو جائیں گی، جبکہ متحدہ عرب امارات کی فوجی فاؤنڈیشن پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
بھارت نے نور خان ائیربیس پر حملہ کر کے سپر غلطی کی، پاک فوج نے غرور خاک میں ملا دیا: اسحاق ڈار








