بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملائیشیا: آرمی چیف کو کرپشن تحقیقات کے دوران رخصت پر بھیج دیا گیا

ملائیشیا کے آرمی چیف، جنرل تن سری محمد حافظ الدین جنتن، کو کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات تک فوری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کی وزارتِ دفاع نے یہ اقدام تب لیا جب سماجی کارکن بدر الحشام شہران المعروف “چیگو برد” نے مسلح افواج کے ایک سینئر افسر پر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کیے۔ اس کے بعد ملائیشین اینٹی کرپشن کمیشن (ایم اے سی سی) نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جو کہ 2009 کے ایکٹ کی دفعہ 17(a) کے تحت کی جا رہی ہیں۔
ایم اے سی سی کے افسران نے فوج کے پروکیورمنٹ منصوبوں، خاص طور پر اوپن ٹینڈر کے ذریعے کیے گئے منصوبوں، کی تفصیلی جانچ کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں 2023 سے 2025 کے درمیان 5 لاکھ رنگٹ سے زیادہ مالیت کے 158 منصوبے اور اس سے کم مالیت کے 4,521 منصوبے سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی نتائج سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ کچھ کمپنیوں کو بار بار اعلیٰ مالیت کے ٹھیکے مل رہے تھے، جس پر تفتیشی افسران نے خدشات کا اظہار کیا۔
24 دسمبر تک، ایم اے سی سی نے تین اعلیٰ فوجی افسران سے پوچھ گچھ کی اور ان کے بیانات ریکارڈ کیے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو رخصت پر بھیجنے کا مقصد یہ ہے کہ الزامات کی تحقیقات مکمل شفافیت کے ساتھ کی جا سکیں اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
وزیر دفاع داتوک سری محمد خالد نوردین نے کہا کہ یہ انتظامی اقدام مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے اور تحقیقات کی شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ساتھ ہی، جنرل تن سری محمد نظام جعفر کی لازمی ریٹائرمنٹ کے بعد نیوی کمانڈر ایڈمرل تن سری ذوالحلمی اثنین کو ملائیشین مسلح افواج کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت دفاع نے جنرل محمد نظام جعفر کی خدمات اور قیادت کو سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔