بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور دو مرتبہ ملک کی قیادت کرنے والی خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ڈھاکا میں ادا کر دی گئی، جس میں سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ بنگلادیش کی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا مانک ایونیو میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس بھی موجود تھے، جبکہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سردار ایاز صادق نے خالدہ ضیا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق مرحومہ خالدہ ضیا کو ان کے شوہر اور بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ خالدہ ضیا دو روز قبل ڈھاکا کے ایک اسپتال میں 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم رہیں اور ملک کی سیاست میں ایک مضبوط اور نمایاں کردار کے طور پر پہچانی جاتی تھیں۔
ان کے انتقال کے بعد بنگلادیش میں سوگ کی فضا ہے، جس کے باعث مختلف سرگرمیاں، جن میں بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے میچز بھی شامل ہیں، ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ ادا، پاکستان سمیت عالمی شخصیات کی شرکت








