اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئر مین نیب کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک بر قرار ہے،نئے چیئر مین نیب کی تقرری نہ ہوسکی،وزیر اعظم شہباز شریف ملاقاتوں اور رابطوں کے باوجود اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو قائل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ، چیئر مین نیب کیلئے حکومتی ناموں پر اتفاق نہ ہو سکا،
ذرائع کے مطابق جسٹس جاوید اقبال کو ریٹائر ہوئے 35 روز گزر گئے لیکن نئے چیئر مین نیب کی تقرری عمل میں نہ آسکی، شہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان ملاقاتوں میں متعدد شخصیات کے ناموں پر غور کیا گیا لیکن تاحال کسی پر اتفاق نہیں ہوا جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے بھی چیئر مین نیب کے لیے نام وزیراعظم کو دئیے گئے،

قبل ازیں حکومت کی جانب سے جسٹس ریٹائر ڈ مقبول باقر کا نام بھی پیش کیا گیا تھا ،ذرائع کے مطابق ان کے انکار کے بعد حکومت نے نام واپس لے لیا تھا، وزیراعظم اور پوزیشن لیڈر کے در میان چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے مختلف ناموں پر غور کیلئے آئندہ چند روز میں ایک اور ملاقات متوقع ہے۔








