بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ: ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ میں نے خود کیا، کسی نے مجھے قائل نہیں کیا

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ حملے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس فیصلے کے لیے کسی نے انہیں قائل نہیں کیا، بلکہ یہ فیصلہ انہوں نے خود اپنے تجزیے اور غور و فکر کے بعد کیا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا عرب یا اسرائیلی حکام نے انہیں ایران پر حملہ مؤخر کرنے کے لیے راضی کیا، جس پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ “کسی نے مجھے قائل نہیں کیا، میں نے خود اپنے آپ کو قائل کیا۔”
صدر نے مزید کہا کہ گزشتہ روز ایران میں 800 افراد کو پھانسی دی جانی تھی، لیکن یہ عمل معطل کر دیا گیا، جس کا مثبت اثر پڑا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی قدر کرتے ہیں کہ ایرانی قیادت نے ان افراد کو پھانسی سے بچا لیا۔
اس سے قبل امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ سے ایران پر ممکنہ فوجی کارروائی مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے بدھ کے روز صدر ٹرمپ سے بات کی، اور اسی دن امریکی صدر نے بھی کہا کہ انہیں معتبر ذرائع سے معلومات ملی ہیں کہ ایران میں مظاہرین کی ہلاکتیں رک گئی ہیں اور سزائے موت پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
اسی سلسلے میں برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے ایران پر حملے کا فیصلہ آخری لمحوں میں تبدیل کیا۔ رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک سعودی عرب، قطر اور عمان نے واشنگٹن کے ساتھ ہنگامی مذاکرات کیے اور صدر ٹرمپ کو یہ باور کرایا کہ تہران کو اپنے مثبت اقدامات کا موقع دینا چاہیے، جس کے بعد امریکی صدر نے کارروائی مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔