پاکستانی نوجوان کھلاڑی راشد نسیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے انفرادی طور پر 150 گنیز ورلڈ ریکارڈز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی آفیشل ویب سائٹ اور ڈیٹا کے مطابق، راشد نسیم کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی نے 150 عالمی ریکارڈز کا سنگ میل عبور نہیں کیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے کھلاڑی جوش لیایا کے 333 پنچ مارنے کے ریکارڈ کو توڑ کر عالمی سطح پر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
راشد نسیم نے ایک منٹ میں 340 فل ایکسٹینشن پنچ ہٹ کر ریکارڈ توڑا، اور گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کے دو مزید عالمی ریکارڈز کی بھی تصدیق کی۔ ایک منفرد ریکارڈ میں راشد نے انڈے کو ہوا میں اچھال کر اخروٹ توڑا اور پھر انڈے کو کیچ کیا، جہاں انہوں نے جرمن ماسٹر کے ریکارڈ (ایک منٹ میں 72) کو 80 بار توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ایک اور دلچسپ ریکارڈ میں راشد نے نن چکو کو 36 بار ہوا میں اچھال کر دوسرے ہاتھ سے کیچ کیا، جب کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے انہیں 18 مرتبہ کا ہدف دیا تھا۔ ان کے تمام ریکارڈز کی تصدیق ای میل کے ذریعے اور گنیز کی ویب سائٹ پر بھی کی جا چکی ہے۔
کراچی کی شاہ فیصل کالونی کے رہائشی راشد نسیم نے 2025 تک 31 عالمی ریکارڈز قائم کر چکے ہیں، جبکہ 2024 میں بھی انہوں نے 28 عالمی ریکارڈز بنا کر پاکستانی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ اپنے 150 ویں عالمی ریکارڈ کو انہوں نے فلسطین کے نام کیا اور حکومت سے اس حوالے سے کسی قسم کی پزیرائی نہ ملنے کا بھی اظہار کیا۔
راشد نسیم نے اب تک بھارت کو 40 سے زائد مرتبہ شکست دی، اور ان کے عالمی ریکارڈز میں امریکہ، انگلینڈ، چین، ایران، سوئزرلینڈ اور دیگر ممالک کے ریکارڈ شامل ہیں۔
انہوں نے سب سے زیادہ پنچ کیٹیگری میں عالمی ریکارڈز قائم کیے، اور انہیں بریکنگ، نی اسٹرائیک، مارشل آرٹس ککس، اسٹک، نن چکو، اسکپنگ اور جمپنگ جیکس کے عالمی ریکارڈز بنانے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔
راشد نسیم کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنا ہے، اور وہ مستقبل میں مزید عالمی ریکارڈز قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
راشد نسیم: پاکستانی کھلاڑی جو 150 گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مالک بن گئے








