بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اقوام متحدہ میں پاکستان کا دوٹوک موقف: مسئلہ فلسطین خطے کے عدم استحکام کی جڑ

اقوام متحدہ میں پاکستان نے مسئلہ فلسطین کو مشرق وسطیٰ میں جاری بے یقینی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ، جبری نقل مکانی اور تباہی ناقابل قبول ہیں۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں تشویشناک ہیں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی تنصیبات اور یو این آر ڈبلیو اے پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
عاصم افتخار نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت طے شدہ امن منصوبے پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری اور مستقل جنگ بندی کی جائے، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے اور غزہ کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر نو کا آغاز کیا جائے۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کو ناگزیر سمجھتا ہے، جو 1967 کی سرحدوں کے اندر ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہر صورت قائم رہے گی۔
عاصم افتخار نے اسرائیل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شام اور لبنان میں اپنی غیر قانونی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے، کیونکہ اس طرح کے اقدامات پورے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔