بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا پاکستان دورہ ممکن، فٹبال کے فروغ کے نئے مواقع

فیفا ورلڈکپ ٹرافی کے میگا ایونٹ سے قبل پاکستان کے دورے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر نے ایکسپریس نیوز کے مارننگ شو “ایکسپریسو” میں بطور مہمان گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دورہ ملک میں فٹبال کی ترقی کے لیے نئے مواقع کھول سکتا ہے۔
شاہد کھوکھر نے کہا کہ فیفا کے سربراہ جیانی انفینٹینو کی پاکستان آمد رواں برس کسی وقت ممکن ہے، جس سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2026 فٹبال ورلڈکپ کے موقع پر پاکستان میں بھی پروموشنل پروگرامز اور پروفیشنل لیگ کے انعقاد کے امکانات ہیں۔
شاہد کھوکھر نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات کے بعد محسن گیلانی کی سربراہی میں فیڈریشن فعال ہو گئی ہے اور وہ فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وہ مقام دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کا ملک حقدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں رجسٹرڈ فٹبال کلبز کی تعداد تقریباً 6 ہزار ہے، جبکہ ووٹنگ کلبز دو ہزار 400 سے دو ہزار 500 کے درمیان ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ کھیل کے فروغ کے لیے کام ہو رہا ہے۔
شاہد کھوکھر نے کہا کہ فٹبال ہمیشہ سے پاکستان میں مقبول رہا ہے، اور اب میڈیا کوریج اور برانڈنگ کے ذریعے نوجوان نسل میں اس کا جنون مزید بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویمنز ٹیم کو فیفا سیریز میں شامل کیا گیا ہے، جس سے پاکستان کو انٹرنیشنل ایونٹس میں مزید کھیلنے کے مواقع ملیں گے، اور مردوں کی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔