اسلام آباد:(نیوزڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے سفیر کا خیرمقدم کیا جنہوں نے چند ماہ قبل پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس اسکیم کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان یورپی یونین کے ساتھ بالخصوص جی ایس پی پلس کے تحت باہمی مفاد پر مبنی تجارتی فروغ کے اقدامات پر قریبی تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ برس نومبر میں برسلز میں منعقد ہونے والے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی تھی۔
یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان آمد کے بعد وزیراعظم کی جانب سے ملنے والے پُرتپاک استقبال پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے یورپی یونین کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ یورپی یونین جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں، بشمول اپریل میں منعقد ہونے والے پہلے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم، کے ذریعے پاکستان کے ساتھ قریبی روابط کے لیے پُرعزم ہے۔









