اسلام آباد:(نیوزڈیسک) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں دو الگ کارروائیوں اور بنّوں میں بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان جیسے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف “عزمِ استحکام” کے تحت جاری کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو یقینی بنانے تک جاری رہیں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی قابلِ تعریف ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں فتنه الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں 41 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے پرعزم ہیں۔









