بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

SIFC سرمایہ کاروں کو “ون ونڈو” سہولت فراہم کرتا ہے، بلال کیانی

دبئی :(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2026 میں وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان کی نمائندگی کی۔ وزیر مملکت نے وزارتی پینل میں شرکت کرتے ہوئے “INVESTING SMART FOR RESILIENT ECONOMIES” کے موضوع پر گفتگو کی۔ اس پینل میں فن لینڈ کے وزیر معاشی امور ساکاری پیسیتو، برمودا کے وزیر معاشی امور جیسن ہیوارڈ اور لبنان کے صدر کے مشیر ڈاکٹر راوا ہرارتی نے بھی حصہ لیا۔

اپنے خطاب میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور پائیدار برآمدات کے ذریعے ملک کو ریزیلینٹ معیشت کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو قیادت دینے سے پاکستان برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کے راستے پر آگے بڑھ رہا ہے، جس سے روزگار کے مواقع اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہو رہا ہے۔

وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو سال میں پاکستان کے مالیاتی خسارے میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام، مہنگائی کی شرح میں کمی اور کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی سے عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہو رہا ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان میں ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں آیا، جو سرمایہ کاروں کے لیے “ون ونڈو” سہولت فراہم کرتا ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی، سفارتی اور معاشی محاذوں پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، مسلط کردہ جنگ میں بھارت کو شکست دی اور سفارتی تعلقات کو معاشی ترقی پر مبنی روابط میں تبدیل کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جاری معاشی سٹرکچرل ریفارمز، پی آئی اے کی نج کاری اور قومی ٹیرف پالیسی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے سمٹ کے انعقاد پر یو اے ای حکومت اور آرگنائزرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی پینلز میں لیڈرشپ، انسانی ترقی، مقابلے کی صلاحیت، دانشمندانہ سرمایہ کاری اور ترقی کے مختلف ماڈلز پر تبادلہ خیال کے موضوعات پر گفتگو کی۔