اسلام آباد(نیوزڈیسک) سابق ایم ڈی پاکستان پٹروليم لمیٹڈ وامق بخاری پر قومی خزانے کے 9 ارب روپے ہڑپ کرجانے کے الزام میں ایف آئی اے نے دو افسران کو گرفتار کرليا۔ ایف آئی اے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ سابق ایم ڈی پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ وامق بخاری نے قومی خزانے کو 9 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔
ایف آئی اے کے مطابق 2015-16میں ملک میں گیس اور تیل کی تلاش کے لئے غیرملکی کمپنی کو 43 ملین ڈالر کا ٹھیکہ دیا گيا اور ٹھیکیدار کو کام سے پہلے ہی بطورایڈوانس پوری رقم دے دی گئی جس کمپنی کے ٹھیکيدار کو ٹھیکہ دیا گیا وہ اور سابق ایم ڈی پی پی ایل وامق بخاری کام کئے بغیر ہی رقم لے کر بيرون ملک فرار ہوگئے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 2018 میں معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کیا تھا۔
ڈائریکٹرایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور فراڈ کی چار ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور ایف آئی اے نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے 2 سینئر افسران کو گرفتارکرلیا ہے، جب کہ مفرور ملزمان کو انٹرپول سے گرفتار کرانے کی کوشش کریں گے۔
سابق ایم ڈی پاکستان پٹرو لیم وامق بخاری نےخزانے کو 9 ارب کا چونا لگادیا








