کراچی(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ کراچی میں ہونے والی بارش کے دوران الزامات کی سیاست کی گئی، اگرپورے مہینے تھوڑی تھوڑی بارش ہو تو پانی جمع نہ ہو۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر شارٹ اسپیل میں طوفانی بارش ہو تو مسائل ہوتے ہیں، اس سال ضلع جنوبی میں ایک دن میں 232 ملی میٹر بارش ہوئی، تین گھنٹوں میں 127 ملی میٹر بارش ہوئی، اگرپورے مہینے تھوڑی تھوڑی بارش ہو تو پانی جمع نہ ہو، کم وقت میں زیادہ بارشں ہوں تو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عید کے پہلے دن شہر میں کہیں پانی نہیں تھا، وثوق سے کہتاہوں 10جولائی کو شہر میں کہیں پانی کھڑا نہیں تھا، ناگن چورنگی پر شدید بارشوں کے باوجود پانی 2 گھنٹے بھی کھڑا نہیں رہا،2007 میں140ملی میٹربارشوں کے دوران 228 افراد جاں بحق ہوئے تھے، 2009 میں 200 ملی میٹر بارش ہوئی، 50 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہوتاہے معاملےکو لسانی بنادیا جاتاہے،میں گاؤں گیا تھا رات کو ہی واپس آگیا، اب بلدیاتی الیکشن آنےہیں تو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں،بارش کے دوران الزامات کی سیاست کی گئی، سندھ حکومت کے تمام متعلقہ افسران کراچی میں تھے، الزامات لگانے والے نام لے کر بتائیں کون سے افسران کراچی میں نہیں تھے،عمران خان ساڑھے تین سال وزیراعظم رہے ایک رات کراچی میں قیام نہیں کیا۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال جب ناظم تھے اس وقت تو انہیں تاج پہنائےگئے تھے اب وہ کہاں ہیں؟ اب مصطفیٰ کمال زہر اگل رہے ہیں۔
اگرپورے مہینے تھوڑی تھوڑی بارش ہو تو پانی جمع نہ ہو، مراد علی شاہ








