وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی تقریبات کے اوقات میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ تقریبات کل صبح 5 بجے تک جاری رہیں گی۔
اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھاتے ہوئے انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ توسیع لاہور کے عوام کے لیے ایک انعام ہے جنہوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ منایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے شہریوں نے تمام حفاظتی ایس او پیز کی پابندی کی، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشن محفوظ انداز میں جاری رکھیں، بجلی کی تاروں سے دور رہیں، اپنی چھتوں کو محفوظ بنائیں اور تمام جاری ہدایات پر عمل کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئیے اس تاریخی بسنت کو سب کے لیے خوشگوار، محفوظ اور یادگار بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 25 سال بعد واپس آنے والی بسنت میں جشن، اتحاد اور خوشیوں کا خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا، نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں بسنت کی شاندار تقریبات منعقد ہوئیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت بہار بھرپور انداز میں منائی جا رہی ہے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھا دیا








