ٹھٹھہ(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ K-4 منصوبے کے تحت کراچی کو یومیہ 260 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا اور منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
وہ K-4 منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر دورہ کیا اور واپڈا کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔
ان کے مطابق منصوبے کی ابتدائی لاگت 120 ارب روپے تھی جسے وفاقی حکومت برداشت کر رہی ہے، تاہم نظرِ ثانی کے بعد لاگت 170 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دسمبر تک پانی کراچی شہر تک پہنچا دیا جائے گا جبکہ شہر کے اندر تقسیم کا نظام سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ لائننگ کا کام جاری ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور معاشی چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا بڑا معاشی اثاثہ اور انجن آف گروتھ ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر موٹر وے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک سے معاہدہ ہو چکا ہے اور منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔









