سیالکوٹ(نیوز ڈیسک)پہلی نیشنل چیف آف آرمی اسٹاف ریسلنگ چیمپئن شپ دو ہزار چھبیس کے انڈر سترہ اور انڈر انیس مقابلے سیالکوٹ میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے۔ اس تاریخی ایونٹ میں ملک بھر سے ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح کے فاتح پہلوانوں نے شرکت کی جبکہ شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد فائنل مقابلوں میں موجود رہی۔
مجموعی مقابلوں میں گوجرانوالہ کی ٹیم شیر پنجاب چیمپئن قرار پائی جبکہ پشاور کی ٹیم خیبر فائٹرز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنل مقابلے سیالکوٹ اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے جہاں سنسنی خیز کشتیوں نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر انڈر سترہ اور انڈر انیس کیٹیگریز کا آغاز ملکی کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ریسلرز نے پاکستان آرمی کے ٹیلنٹ پروموشن اقدامات کو سراہتے ہوئے ایونٹ کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ہم عسکری قیادت کے بے حد مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پاکستان آرمی نئے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرتی رہے گی۔
پاک فوج کے زیر اہتمام اس ایونٹ کا انعقاد کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی ترقی کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں پاکستان کے لیے معیاری پہلوان تیار ہونے کی امید ہے۔









