کابل(نیوز ڈیسک)طالبان رجیم عالمی تنہائی کا شکار ہو گیا جبکہ افغان پاسپورٹ کو دنیا بھر میں کمزور ترین قرار دے دیا گیا ہے۔ طالبان کی آمریت، نااہلی اور دہشت گردی کی سرپرستی کے باعث افغان شہریوں پر دنیا کے دروازے بند ہوتے جا رہے ہیں اور افغانستان عالمی سطح پر تنہائی، معاشی بحران اور بدامنی کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
معروف عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مستند ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ درجہ بندی میں افغان پاسپورٹ کو دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغان پاسپورٹ ایک سو ایکویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جو بدترین درجہ بندی سمجھی جاتی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق افغان پاسپورٹ کی کمزور حیثیت کی بنیادی وجوہات خراب سفارتی تعلقات، بدانتظامی اور شدید سیکیورٹی خطرات ہیں۔ افغانستان واحد ملک بن چکا ہے جس کے پاسپورٹ رکھنے والے افراد صرف پچیس ممالک کا سفر کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق طالبان کی انتہا پسندانہ پالیسیاں نہ صرف افغان شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بن رہی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خدشات پیدا کر رہی ہیں۔
افغان پاسپورٹ کا دنیا میں سب سے کمزور قرار دیا جانا طالبان رجیم کی ناکام خارجہ پالیسی، سفارتی تنہائی اور عالمی اعتماد کے فقدان کی واضح مثال ہے، جس کے اثرات براہ راست عام افغان شہریوں کی زندگی پر پڑ رہے ہیں۔









