اسلام آباد(ممتاز نیوز )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کے نام صحافیوں کی ہراسیت کے حوالے سے ایک اور خط لکھ دیا۔ صدر مملکت نے اپنے خط کے ساتھ اینکر پرسن ارشد شریف کا خط بھی منسلک کیا۔صدر مملکت عارف علوی نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہراسیت و جسمانی تشدد کے حوالے سے صحافیوں کے خدشات اور شکایات دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کریں ۔آئین ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ لوگوں کی شخصی آزادی اور انکے جائز حقوق کا تحفظ کرے۔پاکستان نے لوگوں کی شخصی آزادی اور انکے جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوششیں کی ہیں۔صحافیوں پر دباؤ قانون کے دائرے میں رہتے ہوتے جائز تنقید ، آزادی رائے اور جمہوریت کیلئے خطرے کا باعث ہے۔یاد رہے کہ خط میں اینکر پرسن ارشد شریف نے الزام لگایا تھا کہ ان کی جان کو چند عناصر سے خطرہ لاحق ہے ۔صحافی ارشد شریف نے خط میں چند نامور صحافیوں اور مختلف ذرائع پر مبنی معلومات سے ہراسیت کے واقعات کی طرف صدر مملکت کی توجہ مبذول کرائی ۔خط میں صحافی ارشد شریف نے آئین کے آرٹیکلز 4، 9، 10 اے، 14، 18، 19 اور 19 اے کے تحت بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے صدر مملکت سے درخواست کی تھی۔
صدر مملکت کا وزیراعظم کے نام صحافیوں کی ہراسیت کے حوالے سے ایک اور خط لکھ








