اسلام آباد(صغیر چوہدری ) بانی پی ٹی آئی، عمران احمد خان نیازی کو آنکھوں کے علاج کے سلسلے میں دوسری بار پمز ہسپتال لایا گیا، جہاں انہیں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں (اینٹی وی ای جی ایف انٹرا وٹریئل) انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔ طبی مراحل مکمل ہونے کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 24 فروری 2026 کو 74 سالہ عمران خان کو فالو اَپ معائنے کے لیے پمز لایا گیا۔ طریقہ کار سے قبل ماہرین پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس بورڈ میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ بھی شامل تھے، جنہوں نے دل کے مختلف ٹیسٹ کیے جن میں ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی شامل تھے۔ تمام ٹیسٹوں کے نتائج تسلی بخش اور نارمل قرار دیے گئے۔
اس دوران کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی ان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مجموعی طور پر طبی لحاظ سے مستحکم (اسٹیبل) قرار دیا۔ عمران خان کی رضامندی کے بعد آپریشن تھیٹر میں تمام معیاری احتیاطی تدابیر اور مانیٹرنگ کے تحت انجیکشن لگایا گیا۔ یہ عمل کنسلٹنٹ آف تھالمولوجسٹ اور کنسلٹنٹ وٹریو ریٹینل سرجن کی زیر نگرانی مائیکروسکوپی کی رہنمائی میں انجام پایا۔ اسے ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔
ہسپتال میں قیام کے دوران پروسیجر سے پہلے، دوران اور بعد میں عمران خان کے تمام وائیٹل سائنز نارمل رہے۔ طبی ٹیم کی جانب سے ضروری ہدایات اور فالو اَپ پلان دینے کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔
بعد ازاں رات گئے سخت سیکیورٹی حصار میں انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران ان کے دو قریبی رشتہ دار بھی ہسپتال میں موجود تھے۔









