بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان

(Rain)اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں جزوی ابرآلود جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود اور صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی رہے گی۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی رہے گی۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔

مزیدپڑھیں:بھارتی پنجاب میں خوفناک حادثہ، ہنی سنگھ کے بھانجے سمیت 2 افراد ہلاک

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ دن کے دوران گرمی رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح و رات کے اوقات میں سردی کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود اور موسم سرد رہے گا۔ تاہم شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہا۔ آج ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں لہہ میں منفی چار، اسکردو میں منفی ایک اور استور میں تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔