کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کمبوڈیا جانے والے دو مسافروں کو مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔
حکام کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کی امیگریشن ٹیم نے معمول کی جانچ کے دوران ایک مسافر، سنل گل، کے موبائل فون کا جائزہ لیا تو اس میں متعدد حساس نوعیت کی دستاویزات موجود پائی گئیں۔ ان میں اقوام متحدہ کے نام مبینہ پناہ گزینی درخواستیں بھی شامل تھیں۔
تحقیقات کے دوران کاپاکس وکٹر آئی ایم سیموئل کے نام سے منسوب کاغذات بھی برآمد ہوئے، جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ انہیں بیرونِ ملک پناہ حاصل کرنے کے مقصد سے استعمال کیا جانا تھا۔
ابتدائی بیان میں سنل گل کا کہنا تھا کہ وکٹر سیموئل پناہ گزینی کے معاملے میں اس کی رہنمائی کر رہا تھا، جبکہ وکٹر سیموئل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ دستاویزات بے بنیاد ہیں اور ماضی میں امریکہ میں پناہ کی درخواست کے لیے استعمال کی گئی تھیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ممکنہ غلط بیانی اور غیر قانونی ہجرت میں معاونت کے پہلو سامنے آئے ہیں۔ دونوں مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں تحقیقات جاری ہیں۔
جعلی پناہ گزینی دستاویزات پر کمبوڈیا جانے والے دو مسافر جناح ایئرپورٹ سے آف لوڈ








