انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے 30 کارکنان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالت میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف مختلف تھانوں میں درج پانچ مقدمات کی سماعت ہوئی، جن میں تھانہ کھنہ کا مقدمہ شامل تھا۔ عدالت نے اس مقدمے میں 30 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کی۔
گذشتہ سماعت پر عدالت نے 31 پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف اشتہاری کارروائی شروع کی تھی، تاہم آج ایک کارکن کی حاضری کے بعد اس کے خلاف اشتہاری کارروائی ختم کر دی گئی۔
عدالت نے تھانہ کھنہ کے مقدمے کی سماعت 2 اپریل، تھانہ مارگلہ کے مقدمے کی سماعت 4 اپریل، اور تھانہ کوہسار کے مقدمے کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔ اسی طرح تھانہ ترنول اور آبپارہ کے مقدمات کی سماعت 10 مارچ تک ملتوی کی گئی ہے۔
پولیس ریکارڈ کی عدم دستیابی کے سبب آج کسی بھی مقدمے میں شہادتیں پیش نہیں کی جا سکیں۔ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، اور آئندہ سماعتوں میں ان پر مزید کارروائی متوقع ہے۔
26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کے 30 کارکنان اشتہاری قرار








