بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شیخ رشید کی عمرے کی درخواست مسترد، نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل

انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عمرے پر جانے کی درخواست مسترد کر دی اور ان کا نام دوبارہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوٹر کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں شامل کیا ہے کیونکہ سانحہ 9 مئی کے تمام ملزمان کے نام اسی فہرست میں ڈالے گئے ہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ اقدام ہائی کورٹ کے فیصلے کے برعکس ہے، جس میں سابقہ سماعت میں انہیں عمرے کی اجازت دی گئی تھی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں میں طے ہے کہ کسی مقدمے کی بنیاد پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جا سکتے، جیسا کہ نواز شریف، شہباز شریف، پرویز مشرف، ایان علی اور فریال تالپور کے کیسز میں اصول قائم ہوا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ ان کا نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کیا گیا، حالانکہ پہلے ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جا چکا تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ دوبارہ ہائی کورٹ میں اس اقدام کو چیلنج کریں گے اور ہائی کورٹ سے عمرے کے لیے اجازت حاصل کرنے کے بعد ادائیگی کریں گے۔