لاہور(نیوزڈیسک )پنجاب میں پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونےسے خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے دھواں دھارانتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب( 12بجے) اختتام پذیرہوگئی ،ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اتوار کو ہوگی ۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خود بھرپورانداز میں مہم چلائی اورمختلف شہروں میں جلسوں سے خطاب کیا۔اسی طرح مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نوازمیدان میں اتریں اورانتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔
صوبائی اسمبلی کی 20 خالی نشستوں پریہ ضمنی انتخابات صوبے کے 14 اضلاع میں منعقدہورہے ہیں ۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق کرانے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مختلف حلقوں میں بدامنی اورتشددکے خطرہ کے پیش نظر پولنگ سٹیشنوںکے باہر فوج کی تعیناتی کےلئے وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا جس پر وزارت داخلہ نے ان حلقوں میں پاک فوج اور رینجرزکی تعیناتی کی ہدایت کر دی،ان میں لاہور، ملتان، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ اور جھنگ کے حلقے شامل ہیں ، فوج اور رینجرزکی تعیناتی کے بارے میں وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مراسلے میںکوئیک ریسپانس فورس کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی ہے،اس سے قبل رینجرزکی تعیناتی پر اتفاق ہوا تھا ۔الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں قانون نافذکرنے والے اداروںکو چوکس رہنے،الیکشن سے پہلے یا الیکشن کے دوران تشددکے واقعات روکنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔
کمیشن کے مراسلے میںکہا گیا کہ پاکستان میں سیاسی درجہ حرارت کے بڑھنے اور پولرائزیشن کی وجہ سے یہ اقدامات ضروری ہیں، اگر قبل از وقت پرتشدد واقعات کا سدباب نہ کیا گیا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45کی تصویرکھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں،پولنگ ایجنٹس کے سامنے فارم 45کی صاف اور واضح تصویر لی جائے اور فوراً ریٹرننگ افسران کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں۔
انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میںپریذائیڈنگ افسران فوراً ریٹرننگ افسران کے دفتر پہنچ کر فارم 45کی اصل کاپی ریٹرننگ افسران کے حوالے کریںگے ۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسرکا دستخط شدہ فارم 45وصول کئے بغیر پولنگ سٹیشن نہ چھوڑے، ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45کی دستخط شدہ کاپی پولنگ سٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابندہوگا۔
ریٹرننگ افسران نے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے ہیں جو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتے رہیں گے ،ان کنٹرول رومز میں ریٹرننگ افسر ان کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ز، پولیس، رینجرز اورپاک فوج کے حکام یاان کے نمائندگان موجود رہیں گے۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ والے دن کسی بھی نوعیت کی شکایت کو نمٹانے کے حوالے سے سنٹرل اور صوبائی سطح پر الگ الگ کنٹرول روم قائم کر دیئے ہیں جو پولنگ کے دن صبح 7بجے سے ابتدائی نتیجہ مرتب ہونے تک بلاتعطل کام کرتے رہیںگے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے صوبائی انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
لاہور میں چیف سیکرٹری کامران علی افضل کی زیر صدارت اجلاس میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے وارننگ کی دی کہ لاقانونیت کسی بھی صورت برداشت نہیںکی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف ضمنی انتخابات یقینی بنانے کےلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز، فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی، اسلحہ کی نمائش پر سخت ایکشن لیا جائے گا، امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے، جتھے بنانے اور لوگوںکو مسلح کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ افسران، متعلقہ اضلاع کے ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ دریں اثنائ ضمنی الیکشن کے موقع پر لاؤڈڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے 144 نافذ کر دیا گیا۔
پولنگ سٹیشنز کے قریب ساؤنڈ سسٹم کے استعمال پر پابندی بھی عائد ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ کی ہدایت پر سیکشن آفیسر بلال احمد نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
پنجاب میں ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا وقت ختم،پولنگ اتوارکو ہوگی،انتظاما ت مکمل








