بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکا اور ایران کے مذاکرات کا تیسرا دور بے نتیجہ، جنگ کے خدشات بڑھ گئے

جنیوا: امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر ہونے والے اہم مذاکرات کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے، تاہم دونوں فریقین نے آئندہ ہفتے دوبارہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ پیش رفت ہوئی ہے اور جلد مزید تکنیکی سطح پر بات چیت متوقع ہے۔ عمانی ثالثوں نے بھی عندیہ دیا ہے کہ اگلا دور ویانا میں ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب امریکا کی مذاکراتی ٹیم کی قیادت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی حکام ایرانی تجاویز سے مکمل مطمئن نہیں تھے۔
اہم اختلاف ایران کے یورینیم افزودگی کے حق اور اس کے ذخائر کے مستقبل پر برقرار ہے۔ امریکا ایران سے مستقل ضمانتیں اور سخت معائنہ نظام چاہتا ہے تاکہ تہران کبھی جوہری ہتھیار بنانے کے قابل نہ ہو سکے، جبکہ ایران محدود سطح پر افزودگی کی اجازت اور جوہری ہتھیار بنانے کے ارادے کی تردید کرتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اس وقت افزودگی نہیں کر رہا، لیکن وہ اس صلاحیت کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر بات نہ کرنے کو بھی ایک اہم مسئلہ قرار دیا۔
ادھر خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس میں طیارہ بردار بحری بیڑے اور جنگی طیارے شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق سفارتی عمل جاری ہونے کے باوجود فوجی کارروائی کے خدشات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے سربراہ رافیل گروسی کا کردار بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی تکنیکی تصدیق ان کے ادارے کے ذمہ ہوگی۔