بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

2 مسلمان ممالک کے درمیان جنگ افسوسناک ہے،سلمان اکرم

 

اسلام آباد(نیوزڈیسک)جنگ بڑی حکمت عملی کا چھوٹا حصہ ہوتا ہے، بڑی حکمت عملی ہمارے سامنے نہیں: سلمان اکرم راجہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جنگ بڑی حکمت عملی کا چھوٹا حصہ ہوتا ہے، بڑی حکمت عملی ہمارے سامنے نہیں ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ظاہر ہے دو برادر مسلمان ممالک کے درمیان جنگ افسوس کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم اس پارلیمان کو نہیں مانتے لیکن جو ہو رہا ہے اس پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں نظر آ رہا ہے کہ یہ خطہ آئندہ بےامنی کا ہی شکار رہے گا۔ سارے معاملے کو سیاسی بصیرت سے بڑے معاشی پروگرام کے تحت حل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر افسوس کا اظہار بھی کیا اور فاتح خوانی بھی کی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم جنگ میں اپنے جوانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمت عملی کیا ہونی چاہیے اس کےلیے ایک بڑا ڈائیلاگ ہونا چاہیے، قومی لیڈران کو اس ڈائیلاگ میں شامل ہونا چاہیے۔

ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے انصاف پر مبنی فیصلے کریں اور بانی پی ٹی آئی کے کیسز لگائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف ہیں، ہم کسی دہشتگرد سے ڈائیلاگ کی بات نہیں کرتے، یہ غلط بات ہے، ہم کہتے ہیں اس خطے میں ایک بڑا ڈائیلاگ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈائیلاگ میں آپ سعودی عرب، ترکیہ، افغان حکومت کو شامل کریں، قبائلی علاقوں کے وسائل کب ملیں گے، ہم اس ڈائیلاگ کی بات کرتے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ اصول کی سطح پر گفتگو کرنے کو تیار ہیں۔