بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ”چالان نہیں، ہیلمٹ” مہم کا آغاز

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کی جانوں کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے خصوصی آگاہی مہم ”چالان نہیں، ہیلمٹ” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں میں ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینا اور روڈ سیفٹی کلچر کو مستحکم کرنا ہے۔موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی اس مہم کے تحت ایسے افراد جو ہیلمٹ کے بغیر سفر کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں، انہیں فوری طور پر چالان کرنے کے بجائے پہلے موقع پر ہیلمٹ خریدنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ افسران موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کی اہمیت، ممکنہ خطرات اور حادثات کی صورت میں سر کی چوٹ کے مہلک نتائج سے آگاہ کرتے ہیں۔مہم کے طریقہ کار کے مطابق اگر موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی ہیلمٹ خرید کر پہن لیتا ہے تو اس کے خلاف چالان کی کارروائی نہیں کی جاتی۔ تاہم بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تاکہ قانون کی عملداری برقرار رہے۔اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو سزا دینا نہیں بلکہ ان کی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ ٹریفک حادثات میں سر کی چوٹ اموات اور معذوری کی بڑی وجہ بنتی ہے، جبکہ معیاری ہیلمٹ کے استعمال سے جان لیوا خطرات میں نمایاں کمی آتی ہے۔”چالان نہیں، ہیلمٹ” مہم کے دوران مختلف مقامات پر آگاہی سیشنز، پمفلٹس کی تقسیم، بینرز کی تنصیب اور میڈیا کے ذریعے شعور بیدار کرنے کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ موٹروے پولیس افسران شہریوں کو باور کروا رہے ہیں کہ ہیلمٹ صرف قانون کی پاسداری نہیں بلکہ ان کی اپنی اور ان کے خاندان کی حفاظت کا ضامن ہے۔عوامی حلقوں کی جانب سے اس مثبت اقدام کو بھرپور سراہا جا رہا ہے اور شہری اس مہم کو ایک مؤثر اور انسان دوست قدم قرار دے رہے ہیں۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس تمام موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہمیشہ معیاری ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور روڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔