اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں اور نمائندگان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملکی و علاقائی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالات، ایران، مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور موجودہ حالات میں قومی اتحاد، اتفاق اور یگانگت کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان میں مزید تیزی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام شرکاء نے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام سیاسی قوتیں متحد رہیں گی۔
شرکاء نے وزیراعظم کی جانب سے تمام سیاسی قیادت کو اعتماد میں لینے کے اقدام کو پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ایک مثبت قدم قرار دیا اور اس پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں قومی یکجہتی ہی پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر مؤثر بنا سکتی ہے۔









