بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خلیج جنگ، توانائی بحران کا مستقل حل ضروری ہے، سینیٹر عبدالقادر

اسلام آباد (نیوزڈیسک ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائےدفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت توانائی کے شعبے میں ایک نئے اور سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی وجہ سے خلیج میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے. قطری گیس کی چند پیداواری پلانٹس کو بند کر دیا گیا ہے ۔ ان حالات میں قطر سے گیس کی فراہمی معطل ہونے کا شدید خدشہ ہے جس کے باعث ملک میں گیس کی قلت مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ یہ صورتحال برقرار رہتی ہے تو صنعتی پیداوار، بجلی کی پیداوار اور گھریلو صارفین سبھی متاثر ہونگے۔ پاکستان پہلے ہی گیس کی قلت کے مسئلے سے دوچار ہے۔ سردیوں کے موسم میں گھریلو صارفین کو گیس کی کم دستیابی اور صنعتوں کو گیس کی بندش کا سامنا رہتا ہے۔ بیرونی سپلائی میں خلل پیدا ہوتا ہے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ قطر پاکستان کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) فراہم کرنے والا اہم ملک ہے. کسی وجہ سے قطر گیس فراہم کرنے سے قاصر رہتا ہے تو پاکستان کو فوری طور پر متبادل ذرائع سے گیس حاصل کرنا ہوگی۔ حکومت اس ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے بروقت اور موثر حکمت عملی اختیار کرے۔ پاکستان کو مقامی گیس کے ذخائر کی تلاش، ایل این جی کی درآمد کے نئے معاہدے اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی کے استعمال میں بچت اور بہتر انتظام بھی ناگزیر ہے۔ مجموعی طور پر یہ صورتحال حکومت کے لیے ایک سنجیدہ امتحان ہے۔ گیس کے حصول کیلئے بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو گیس کی قلت نہ صرف عوامی زندگی کو متاثر کرے گی بلکہ صنعتی سرگرمیوں اور معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کو فوری طور پر متبادل ذرائع سے گیس کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے ایک جامع توانائی پالیسی تشکیل دینا ہوگی تاکہ ملک کسی بڑے توانائی بحران سے محفوظ رہ سکے۔