ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف حملے جاری رہے تو خطے میں موجود تمام امریکی فوجی اڈے اور مفادات نشانے پر ہوں گے۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران نے اب تک اپنے پڑوسی ممالک کے خلاف کسی قسم کی جارحیت نہیں کی اور تہران خطے کے ممالک کے مفادات اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔ بیان کے مطابق یہ مؤقف ایرانی صدر کے حالیہ بیان کے مطابق ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا کہ اگر ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں سمیت تمام امریکی مفادات کو ہدف بنایا جا سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ممکنہ ردعمل صرف فضائی حدود تک محدود نہیں ہوگا بلکہ خشکی، سمندر اور فضا میں موجود امریکی اور صیہونی فوجی اڈے بھی نشانے پر آ سکتے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق خطے میں امریکی اور صیہونی مفادات کو بنیادی اہداف تصور کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر ایرانی افواج کی جانب سے شدید اور تباہ کن حملے کیے جا سکتے ہیں۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر کے بیان کے بعد مسلح افواج کا یہ اعلان سرکاری میڈیا کے ذریعے نشر کیا گیا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حملے جاری رہے تو امریکی مفادات نشانے پر ہوں گے: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی وارننگ








