بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پشاور میں عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح، ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹ مفت کرنے کا اعلان

پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹ شائقین کے لیے مفت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اسٹیڈیم پہنچے تو انہوں نے تماشائیوں سے ملاقات کی اور بعد ازاں اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے عوام کو کرکٹ سے بے پناہ محبت ہے اور یہاں کرکٹ کا جنون واضح طور پر نظر آتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے پشاور کو کرکٹ میچز کی میزبانی دے کر یہاں کے شائقین کو بڑی خوشی دی ہے۔ ان کے بقول خیبرپختونخوا کے لوگ مہمان نواز ہیں اور کھلاڑیوں کو یہاں کھیلنے کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پشاور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میچ بھی منعقد کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، تاہم تیز آوازوں کے باعث شہر کے کچھ علاقوں میں وقتی طور پر خوف و ہراس کی فضا بھی دیکھنے میں آئی۔