ٹوکیو (نیوز ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ کے پاپ گروپ BLACKPINK کی رکن لیسا نے جاپان کے دورے کے دوران ایک وائرل بندر سے ملاقات کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ گلوکارہ نے 7 مارچ کو اپنے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے جاپان کے صوبہ چیبا کے شہر اچیکاوا میں واقع Ichikawa City Zoo کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انٹرنیٹ پر مقبول ہونے والے ننھے بندر “پنچ” سے ملاقات کی۔
لیسا نے اپنی پہلی انسٹاگرام اسٹوری میں بندر پنچ کی قریبی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ دل کے اشارے اور جذباتی ایموجی بھی شامل کیے۔ اس کے بعد ایک اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکارہ اپنے ہاتھ میں ایک کھلونا پکڑے ہوئے ہیں اور اسے بندر کو دکھا رہی ہیں۔ ایک دلکش لمحے میں انہوں نے اسی کھلونے کے ہاتھ سے پنچ کو الوداعی انداز میں لہرا کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

پنچ نامی یہ ننھا بندر دراصل جاپانی نسل کے بندروں میں شامل ہے جسے Japanese macaque کہا جاتا ہے۔ سات ماہ کا یہ بندر 2026 کے آغاز میں اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جب اس کی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں وہ ایک اورنگوٹان کے کھلونے کے ساتھ نظر آتا تھا۔
View this post on Instagram
چڑیا گھر کے حکام کے مطابق پنچ کو اس کی ماں نے چھوڑ دیا تھا جس کے بعد وہ اس کھلونے کے ساتھ رہ کر سکون محسوس کرتا تھا۔ ابتدا میں کچھ ویڈیوز میں دوسرے بندروں کی جانب سے اس کے ساتھ سخت رویہ بھی دیکھا گیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
بعد ازاں چڑیا گھر انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بندروں کے گروہ میں اس طرح کے رویے تربیت کا حصہ ہوتے ہیں اور پنچ مضبوطی کے ساتھ اپنے گروہ میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حکام کے مطابق اب پنچ پہلے کے مقابلے میں زیادہ فعال ہو گیا ہے اور دوسرے بندروں کے ساتھ میل جول بھی بڑھا رہا ہے۔
لیسا کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر اس ملاقات کو نہایت دلکش قرار دیتے ہوئے گلوکارہ کے اس نرم دل رویے کو خوب سراہا۔









