لاہور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام عمران نیازی کے فراڈ بیانیے اور پرفریب نعروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیں گے۔
حمزہ شہباز نے پولیس اور انتظامیہ کو مکمل غیر جانبداری کی ہدایت دی جبکہ ضمنی الیکشن کے دوران ووٹروں کی سکیورٹی اور پرامن ماحول یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے جبکہ عمران نیازی جھوٹ اور فریب کی سیاست کر رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی سیاسی مقاصد کے لیے اداروں کی توہین کا بیانیہ اپنائے ہوئے ہے ، عوام ووٹ کی طاقت سے اداروں پر حملہ آور لیڈر اور پارٹی کو مسترد کر دیں گے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم ووٹ کی عزت کے قائل ہیں، دوران پولنگ کسی بھی شرپسند کو ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس اور انتظامیہ ضمنی الیکشن کے لیے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں نبھائے، انتظامیہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر من وعن عمل کرائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ووٹ کی عزت پر پہرہ دے گی، ضمنی الیکشن میں خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی۔
پنجاب حکومت ووٹ کی عزت پر پہرہ دے گی، ضمنی الیکشن میں خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی،حمزہ شہباز








