پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عماد عرفانی اور ان کی اہلیہ مریم شفاعت نے اپنی محبت کی دلچسپ داستان سنا دی۔
عماد عرفانی نے حال ہی میں اپنی اہلیہ مریم شفاعت کے ہمراہ نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی۔
اُنہوں نے رمضان ٹرانسمیشن میں انکشاف کیا کہ ہماری شادی کو ابھی 18 سال ہوئے ہیں، لیکن ہم دونوں7 مارچ 1996ء سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
عماد عرفانی نے بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات لاہور میں ایک دوست کی سالگرہ کے موقع پر ہوئی تھی اور اس وقت ہماری عمر مشکل سے 16 سال تھی، اس ملاقات کے بعد اس وقت کسی سے رابطے کے لیے بس ٹیلی فون ہی ہوتے تھے، تو ہماری ایک دوسرے سے بات چیت فون پر ہی شروع ہوئی تھی۔
مریم شفاعت نے بتایا کہ پہلے میں نے عماد کو فون کیا تھا کیونکہ یہ تو بہت شرمیلے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ دوست کی سالگرہ کے موقع پر جب میں نے پہلی بار عماد کو دیکھا، تو میں نے یہ بات نوٹ کی کہ عماد نے کسی لڑکی کی طرف نہیں دیکھا اور شاید مجھے بھی نہیں دیکھا ہو گا، تو مجھے یہ خوبی بہت پسند آئی۔
اداکار نے اپنی اہلیہ کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بارے میں سوچا، تو میرے ذہن میں یہ بات بھی تھی کہ میں تو اتنا شرمیلا ہوں، مجھے لوگوں سے بات کرنے میں بھی شرم آتی ہے، میں کیسے اس انڈسٹری میں قدم رکھوں گا؟
اُنہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ اس وقت مجھے مریم نے بہت حوصلہ دیا اور کہا کہ شرمیلا ہونا آپ کی شخصیت کا حصہ ہے اور میں آپ کو لکھ کر دیتی ہوں کہ یہی چیز آپ کی طاقت بن جائے گی اور میرے خیال سے میرے ساتھ یہی ہوا ہے۔









