اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط لکھ دیا۔
وزیراعظم نے خط کے ذریعے مجتبیٰ خامنہ ای سے آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ایران کے سپر یم لیڈر کی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
خط کے ذریعے شہباز شریف نے ایران کے برادر عوام اور امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہیں اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ امید ہےآپ کی قیادت آنے والے سالوں میں ایران میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف رہنمائی کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا اور کہا دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔









