بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جمعةالوداع کے اجتماعات، یوم القدس کی ریلیاں، سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور(نیوزڈیسک) جمعةالوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کے باعث پنجاب پولیس نے مساجد اورعبادت گاہوں کی سکیورٹی کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ جمعةالوداع کی عبادات، یوم القدس کی ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر دہشت گرد و شر پسند عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں گے جبکہ مساجد، عبادت گاہوں، پولیس چوکیوں، غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور تنصیبات کی سکیورٹی بھی بڑھا دی جائے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات ہیں ، یوم القدس کے موقع پر نکالی جانیوالی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ صوبہ بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22، سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

انہوں نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر حکم دیا ہے کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں مذہبی و حساس مقامات، مارکیٹوں کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں سمیت حساس مقامات کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔

آئی پنجاب کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے تدارک کے لئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو جاری رکھیں، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکار انتہائی چوکس رہیں، علما کرام و مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی اورامن کا پرچار کریں۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا آر پی اوز، ڈی پی اوز مساجد و امن کمیٹیوں کی ارکان اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں، شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد یقینی بنارہے ہیں۔