پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ اور ایشیا انڈر 12 ٹیم مقابلوں کے لیے پاکستان کے بوائز اور گرلز اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ایونٹ 11 سے 18 اپریل 2026 تک کھٹمنڈو میں منعقد ہوگا، جہاں مختلف ایشیائی ممالک کی جونیئر ٹیمیں حصہ لیں گی۔
قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز 9 سے 11 مارچ 2026 تک اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیے گئے۔ ٹرائلز میں قومی رینکنگ اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر آٹھ لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
بوائز ٹیم میں محمد ایان، محمد فیضان اور مصطفیٰ عزیر رانا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ایم ابراہیم حسین گل کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اسی طرح گرلز ٹیم میں شہنور عمر، شہرین عمر اور وجیہہ فاطمہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ دعا یوسف قریشی کو ریزرو پلیئر رکھا گیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ: انڈر 12 مقابلوں کے لیے پاکستان کے بوائز و گرلز اسکواڈ کا اعلان








