راولپنڈی کے تھانہ مندرہ کے علاقے ڈھوک مقدم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شادی شدہ بیٹی فرحت شاہین کو اس کے بھائی نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
نجی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم اور پولیس حکام موقع پر پہنچے، قانونی کارروائی مکمل کی اور لاش کو ورثا کے حوالے کیا۔ مقتولہ کے والد ملازم حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق فرحت شاہین کی شادی چار ماہ قبل محمد عثمان کے ساتھ ہوئی تھی۔ 9 مارچ کو وہ کسی وجہ سے گھر سے چلی گئی تھی، جس پر اغواء کا مقدمہ بھی درج کرایا گیا، اور 11 مارچ کو وہ بازیاب ہوئی۔
واقعے کے دن، فرحت شاہین خاوند سے ناراضگی کی وجہ سے والدین کے گھر رہائش پذیر تھی۔ صبح اس کا بھائی ارسلان گھر آیا اور تلخ کلامی کے بعد پستول سے اس کے چہرے اور ٹانگ پر گولیاں داغ دیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
مدعی کے مطابق واقعہ کے وقت اہلیہ ریحانہ بی بی، بیٹے فیضان احمد، بیٹی زیبا شاہین اور دیگر رشتہ دار مسرت شاہین بھی موجود تھے اور سب نے واقعہ دیکھا۔
راولپنڈی میں بھائی کی فائرنگ، ناراض بیٹی فرحت شاہین جاں بحق








