امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہُرمُز کو ہر صورت کھلا اور محفوظ رکھا جائے گا، اور اس مقصد کے لیے کئی ممالک امریکا کے ساتھ مل کر اپنے جنگی جہاز تعینات کریں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک بھی اس اہم سمندری گزرگاہ کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا پہلے ہی ایران کی فوجی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ایران کی جانب سے ڈرون، میزائل حملوں یا آبنائے ہُرمُز میں بارودی سرنگیں بچھانے جیسے اقدامات کا خدشہ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسی کوئی کوشش کی گئی تو امریکا ساحلی علاقوں پر کارروائیاں جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں یا جہازوں کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے بقول، امریکا جلد ہی آبنائے ہُرمُز کو دوبارہ مکمل طور پر کھلا، محفوظ اور آزاد بنا دے گا تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔
آبنائے ہُرمُز خلیج فارس کو خلیج عمان سے ملانے والی دنیا کی اہم ترین گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اسی لیے اس خطے کی صورتحال پوری دنیا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
آبنائے ہُرمُز کو کھلا رکھنے کیلئے اتحادی ممالک جنگی جہاز بھیجیں گے: ٹرمپ








