بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یومِ پاکستان پر آزاد کشمیر کی باصلاحیت خواتین کا قوم کے نام خصوصی پیغام

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یومِ پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر کی باصلاحیت اور باہمت خواتین نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ پاکستان کے قیام اور اس کو عزم و ہمت کے ساتھ مزید مضبوط بنانے کی یاد دہانی کا دن ہے۔

اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کی خواتین نے کہا کہ پاکستانی خواتین ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ہر شعبۂ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔

پیغام میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کے حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ خواتین نے اپنی محنت اور عزم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آزاد کشمیر کی خواتین نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستانی خواتین دفاتر، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں سمیت مختلف شعبوں میں نہایت ذمہ داری اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی خواتین کی محنت، صلاحیت اور عزم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔

یومِ پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر کی خواتین نے تجدید عہد وفا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کے روشن مستقبل، ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتی رہیں گی۔