بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رحیم یار خان: دکان کی چھت گرنے سے 6 خواتین جاں بحق

رحیم یار خان (نیوز ڈیسک) رحیم یار خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نجی بینک کے ادائیگی مرکز پر چھت گرنے سے کم از کم چھ خواتین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دیگر خواتین کے ساتھ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین بھی رقم وصول کرنے کے لیے وہاں موجود تھیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ادائیگی مرکز کی عمارت کی چھت اچانک گرنے کے باعث خواتین ملبے تلے دب گئیں جس کے نتیجے میں چھ خواتین موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں جبکہ کئی خواتین زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر وہ فوری طور پر رحیم یار خان روانہ ہو گئی ہیں تاکہ موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے۔

چیئرپرسن کی ہدایت پر بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی فوری طور پر رحیم یار خان روانہ کر دی گئی ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے چوبیس گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔

ادھر ممکنہ غفلت کے پیش نظر متعلقہ پارٹنر بینک کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ اس پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

بی آئی ایس پی کی جانب سے جاں بحق ہونے والی خواتین کے لواحقین کے لیے دس لاکھ روپے فی خاندان جبکہ زخمی خواتین کے لیے تین لاکھ روپے مالی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ادائیگیاں کل تک مکمل کر دی جائیں گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور اگر کسی قسم کی غفلت ثابت ہوئی تو متعلقہ بینک کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور ان کی داد رسی کو یقینی بنایا جائے گا۔