فیفا ویمن سیریز کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا عبوری اسکواڈ فائنل ہو گیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی مینجمنٹ نے آئندہ ماہ ہونے والے ایونٹ کے لیے 23 پلیئرز فائنل کیے ہیں، قومی ویمن ٹیم میں مقامی اور اوور سیز پلیئرز شامل ہیں۔
ملائکہ دادا بھائی اور زیبا اسحٰق پہلی بار پاکستان ویمن ٹیم کے لیے منتخب ہوئی ہیں، ان دونوں کی حتمی ٹیم میں شرکت دستاویزات کلیئر ہونے سے مشروط ہے، زیبا اسحٰق مانچسٹر یونائیٹڈ انڈر 21 گرلز ٹیم سے کھیل چکی ہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کے گول کیپرز میں زایانا جیوراج، نیشا اشرف اور آرزو ہزارا شامل ہیں جبکہ ڈیفنس میں اسرا خان، انایا احمد، انمول حرا، کائلہ صدیقی اور ماریہ خان کو منتخب کیا گیا ہے۔
نزالیہ صدیقی، کاریسا جیوراج، عالیہ صادق اور سوہا ہیرانی بھی ڈیفنس لائن کا حصہ ہیں جبکہ مڈ فیلڈرز رامن فرید، لیلیٰ بنارس، ثناء مہدی، زہمینہ ملک اور ملائکہ دادا بھائی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
فارورڈز میں مریم محمود، اقصیٰ مشتاق، ایمن تاج، نادیہ خان، مریم زہری اور ازوا چوہدری شامل ہیں۔
فیفا ویمن سیریز آئندہ ماہ آئیوری کوسٹ میں کھیلی جائے گی، 9 سے 16 اپریل تک ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم آئیوری کوسٹ، موریتانیہ اور ٹرکس و کیکوس جزائر سے مقابلہ کرے گی۔









