اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سویڈن میں CASA-1000 منصوبے کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں پاکستان نے اہم اقتصادی کامیابی حاصل کر لی، جس کے نتیجے میں ملک کو 27 ملین ڈالر سے زائد کی نمایاں بچت حاصل ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے کنٹریکٹر کی جانب سے تخمینہ شدہ مالی لاگت میں نمایاں کمی کروا کر قومی مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا۔ مذاکرات کے دوران سال 2028 تک کیئر اینڈ کسٹڈی کی مالی لاگت کو 9 ملین ڈالر تک محدود کرنے پر اتفاق کیا گیا، جس سے پاکستان کو بڑی مالی بچت حاصل ہو گی۔
اس سے قبل کیئر اینڈ کسٹڈی کی لاگت صرف پاکستان کے لیے تقریباً 32.9 ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم نئی پیش رفت کے بعد یہ لاگت 9 ملین ڈالر تک کم کر دی گئی ہے، جو اب پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تقسیم ہو گی۔
سویڈن میں ہونے والے ان مذاکرات میں اس بات کو بھی یقینی بنایا گیا کہ منصوبے کے اہم اثاثوں کی حفاظت اور آپریشنل تیاری برقرار رکھی جائے۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منصوبے کی تنصیبات کو عبوری مدت میں محفوظ اور فعال رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ CASA-1000 منصوبہ افغانستان کی صورتحال کے باعث تاخیر کا شکار رہا ہے، تاہم نئے ٹائم لائن کے مطابق HVDC نظام کی تکمیل ستمبر 2027 تک متوقع ہے۔
مزید برآں، ضرورت کے تحت فروری 2028 کے بعد محدود مدت کی توسیع پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔









