بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی حکومت کیخلاف سازش کا جواب عوام نے ووٹوں سے دیدیا، عمران خان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کی صوبائی قیادت سے مشاورتی اجلاس میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر انتخابی نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق گفتگو کی گئی۔

عمران خان نے پنجاب میں ضمنی انتخابات میں کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے پنجاب کے الیکشن میں بھرپور محنت کی۔ پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس آج ہوگا، جس کی صدارت چیئرمین عمران خان کریں گے۔ اس سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بنی گالہ آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ، سینیٹر شہزاد وسیم ، مراد سعید، اسد عمر ، فواد چودھری، شیریں مزاری، حماد اظہر ، اسد قیصر، عمر ایوب ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،سیف اللہ نیازی، شفقت محمود اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان کی صدارت میں کچھ دیر میں اجلاس شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج عوام سے خطاب کریں گے جس میں وہ موجودہ صورتحال پر پارٹی کا پالیسی بیان دیں گے۔