اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ خلفشار میں گھرے ہوئے ممالک کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، ہمیں موقع ملا ہے کہ تاریخ میں اپنا مقام بنائیں۔
نجی میڈیا ہائوس سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت موجودہ صورتحال میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، سب ممالک کا یکساں مفاد ہے کہ امن قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد مسلم دنیا میں پاکستان کا کردار بہت واضح ہوا ہے، پہلے ہمارا اتنا کلیدی کردار نہیں رہا اب پاکستان پر دنیا کا اعتماد قائم ہوا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت اور ہائبرڈ سسٹم اس وقت ڈیلیور کر رہا ہے، ہمیں موقع ملا ہے کہ تاریخ میں اپنا مقام بنائیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان الگ نہیں رہ سکتا، دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان اتنے بڑے تنازع میں ثالثی کررہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، مودی سمیت 4، 5 کا یہ گروپ اس وقت اپنا منہ نوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا ہے، ہمیں ثالثی پر یہ طعنے دے رہے ہیں تو یہ یوکرین میں کیا کر رہے تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین کی جنگ تو آج بھی ختم نہیں ہوئی، بھارتی اس وقت بڑا کریڈٹ لے رہے تھے۔









