اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد میں پاکستان میں اہم ملاقات کریں گے۔
جیونیوز سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ تینوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد اگلے روز یہ وفود وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اصل منصوبہ ترکی میں ملاقات طے تھا، مگر مصروفیات کے باعث تمام بھائیوں کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور تمام دوست ممالک اس عمل میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ ایران سے مذاکرات بھی جاری ہیں، جس کی وجہ سے میڈیا پر تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی حکام نے جنگ بندی کے لیے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی فارمولہ پیش کیا تھا، جس کی ایران نے تصدیق کی اور بعد ازاں پاکستان کے ذریعے اپنا جواب امریکا تک پہنچایا۔
یہ ملاقات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تمام متعلقہ ممالک کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔
مشرق وسطیٰ تنازع: سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ سے اسلام آباد میں کل اہم ملاقات، اسحاق ڈار کی تصدیق








