بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن پر تبادلہ خیال

ااسلام آباد(طارق محمود سمیر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، عزت مآب ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو کی۔ یہ بات چیت ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی شہری تنصیبات پر اسرائیل کے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کے لیے کھڑا ہے۔ انہوں نے 1900 سے زائد جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی نیک خواہشات بھی پیش کیں۔
اس دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امریکہ، خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا، جن کا مقصد خطے میں امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی ختم کرنے کا کوئی مؤثر راستہ نکلے گا۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسرائیل کے اقدامات کے حوالے سے اپنا موقف بیان کیا اور مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت کردار جاری رکھے گا۔
یہ بات چیت خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور عالمی برادری کے تعاون سے امن قائم کرنے کی پاکستانی کوششوں کا ثبوت ہے۔