بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آئندہ چند گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش،ژالہ باری کی پیشگوئی

اسلام آباد:(نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات پاکستان نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 سے 6 گھنٹوں میں شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں، جن میں کوئٹہ، لورالائی، سبی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، بارکھان، موسیٰ خیل اور ژوب شامل ہیں، میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع جیسے وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، اورکزئی، خیبر، مہمند، باجوڑ، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو، کوہاٹ، چارسدہ، صوابی، کرم، پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، سوات، دیر اور چترال میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزید برآں کشمیر اور خطہ پوٹھوہار کے علاقوں، جن میں میانوالی، تلہ گنگ، اٹک، بھکر، سرگودھا اور چکوال شامل ہیں، میں بھی تیز بارش اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں، جس کے باعث عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور تازہ ترین موسمی صورتحال سے باخبر رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔