بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی آئی اے حج آپریشن، تیاریاں مکمل، آپریشن 18 اپریل تا 21 مئی جاری رہیگا

کراچی(نیوزڈیسک) قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے حج آپریشن کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جس کے تحت اس سال ہزاروں عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قبل از حج فلائٹ آپریشن 18 اپریل سے شروع ہو کر 21 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران پی آئی اے مدینہ منورہ اور جدہ کے لیے خصوصی پروازیں چلائے گی اور مجموعی طور پر 202 پروازوں کے ذریعے 60 ہزار سے زائد عازمینِ حج کو سعودی عرب روانہ کیا جائے گا۔

حج آپریشن کے دوران تقریباً 49 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم جبکہ 11 ہزار نجی اسکیم کے تحت سفر کریں گے۔ پروازیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے براہِ راست روانہ ہوں گی تاکہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

بعد از حج آپریشن 30 مئی سے شروع ہو کر 30 جون تک جاری رہے گا، جس کے ذریعے عازمین کو وطن واپس لایا جائے گا۔

پی آئی اے اس بڑے آپریشن کے لیے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کرے گی، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عازمین کو آرام دہ اور بروقت سفر کی سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔