لاہور(نیوزڈیسک)عالمی ادارے اپسوس کی تازہ رپورٹ میں رمضان کے دوران لگائے گئے نگہبان اور سہولت بازاروں کو عوام کے لیے مؤثر ریلیف کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک میں کروڑوں شہریوں نے ان بازاروں سے فائدہ اٹھایا۔ مجموعی طور پر 4 کروڑ 6 لاکھ افراد نے رمضان بازاروں کا رخ کیا، جبکہ 3 کروڑ 38 لاکھ افراد نے سہولت بازاروں سے خریداری کی۔ اس کے علاوہ 52 لاکھ افراد سہولت “آن دی گو” یونٹس سے مستفید ہوئے، جبکہ 16 لاکھ افراد نے باقاعدہ طور پر رمضان بازاروں میں خریداری کی۔
اپسوس کے مطابق پنجاب بھر میں قائم سہولت بازاروں میں سالانہ تقریباً 18 کروڑ 90 لاکھ افراد آتے ہیں، جہاں اشیائے خورونوش عام مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد تک کم قیمت پر فراہم کی گئیں، جس سے عوام کو براہ راست ریلیف ملا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ان بازاروں میں اشیاء نہ صرف اوپن مارکیٹ بلکہ سرکاری مقرر کردہ نرخوں سے بھی سستی فروخت ہوئیں، اور کئی اشیاء ڈی سی ریٹ سے تقریباً 18 فیصد کم قیمت پر دستیاب رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق عوام کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں ایک ارب 10 کروڑ روپے جبکہ سرکاری نرخوں کے مقابلے میں 7 کروڑ 30 لاکھ روپے کا مجموعی ریلیف ملا، جو حکومتی اقدامات کی مؤثریت کو ظاہر کرتا ہے۔









